موجودہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے،تاجر برادری کےمسائل کے حل کے لئے کوشاں ہوں ۔ انہوں نے یہ بات وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے گئے ظہرانہ میں شرکت کے موقع پر کہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کے تاجروں کی سب سے بڑی انجمن ہے جو پاکستان بھر میں کاروباری حضرات اور صنعتوں کی اجتماعی آواز کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے میرا رشتہ بہت مضبوط ہے، میں ذاتی طور پر ان کے مسائل سے مکمل واقف ہوں اور ان کے حل کے لئے کوشاں ہوں، موجودہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے ملک میں معاشی ترقی، تجارت کو فروغ دینے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے پر ادارے کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ایک بہترین مستقبل کی نوید قوم کو د ے سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی کاروبار کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی اپنے ملک کا روشن مستقبل بنا سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مفادات کی ترقی کے لیے ایف پی سی سی آئی کی غیر متزلزل لگن خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ ہمارے درمیان مستقبل کے حوالے سے ملاقاتیں ہوتی رہیں تاکہ ہم بہتر مستقبل کی حکمت عملی بنا سکیں۔

گورنر ہائوس سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ کے موقع پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر عاطف اکرام شیخ اور سینئر بزنس رہنما ایس ایم تنویر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کامران خان ٹیسوری کے 18 ماہ کے اقدامات سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے مسائل کو حل کیا ہے۔

قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی فیڈریشن ہائوس آمد پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ ، بزنس مین گروپ کے سرپرست اعلی ایس ایم تنویر، سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی شیخ خالد تواب واراکین ایف پی سی سی آئی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو ایف پی سی سی آئی کی شیلڈ پیش کی گئی۔