جموں وکشمیر میں بی جے پی کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں: عمر عبداللہ

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ علاقے میں بی جے پی کی کامیابی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے پلوامہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے کشمیر میں میدان نہیں چھوڑا بلکہ وہ دوسری پارٹیوں کے نشان پر یہاں الیکشن لڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیر کی تینوں لوک سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کامیاب ہوگی۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر میں اپنی پارٹی نشان کا استعمال نہیں کر رہی ہے بلکہ ان کا نشان کرکٹ بیٹ اور سیب ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی یہاں اپنی اے، بی ٹیموں کا استعمال کرتی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ بی جے پی اسلام آباد ۔راجوری سیٹ پر کس کو سپورٹ کر رہی ہے لیکن پھر بھی اس کو کامیابی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے بی جے پی کے 4سو سیٹیں حاصل کرنے کے دعوے کے بارے میں کہاکہ بی جے پی پہلے جموں وکشمیر اور لداخ کی سیٹوں کو بچائے۔