5اگست 2019کو کئے گئے فیصلے ہمارے لیے ناقابل قبول ہیں،آغا روح اللہ

اتوار 21 اپریل 2024 14:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) بھارت کےغیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سرینگر سے بھارتی پارلیمانی انتخابات کے امیدوار آغا روح اللہ نے تقسیم پیدا کرنے والے عناصر کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ''پیپلز الائنس فار گپکارڈیکلریشن ''(PAGD) کوئی انتخابی اتحاد نہیں تھا بلکہ اس کا قیام ایک خاص مقصد کے لیے تھا جو اب بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی اے جی ڈی کی وجہ اب بھی موجود ہے اور اس کے لیے ہمیں دوبارہ متحد ہونا پڑے گا۔آغا روح اللہ نے کہاکہ الیکشن میں ہماری ایک بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ 5اگست 2019کو چھینے گئے حقوق کے لیے لڑنے کا ایک نیا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات اس ادارے کے لیے ہیں جہاں ہمارے حقوق کو پامال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے ایک بڑا موقع ہے کہ ہم لوگوں تک پہنچیں اور انہیں بتائیں کہ ہم سے کیا چھینا گیا ہے۔ این سی لیڈر نے کہاکہ 05اگست 2019کو کئے گئے فیصلے ہمارے لیے ناقابل قبول ہیں۔ ہمارے الیکشن لڑنے کا مقصد اپنے لوگوں کے اجتماعی جذبات کی نمائندگی کرنا ہے جو بھارتی اقدامات سے مایوس ہیں۔