این اے 119 ، علی پرویز ملک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے،سیف الملوک کھوکھر

اتوار 21 اپریل 2024 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) صدر مسلم لیگ(ن) لاہورسیف الملوک کھوکھر نے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں این اے 119 کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا، مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ این اے 119میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار علی پرویز ملک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے،علی پرویز ملک مسلم لیگ (ن) کے سرگرم کارکن پرویز ملک مرحوم کے صاحبزادے ہیں،جنہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے بہت اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ورکر پوری طرح متحرک اور جوش و جذبے سے پولنگ اسٹیشنز پر کھڑے ہیں، فتح مسلم لیگ (ن)کی ہی ہو گی۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ووٹرزاب باشعورہو چکے اور انہیں معلوم ہے کہ کونسی جماعت عوام کے مسائل حل کرنیوالی اورکونسی انتشار پھیلانے والی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی سیاسی جماعت اور اس کے کارکنان محب وطن ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو اپنے ذاتی مفاد پر ترجیح دی ہے۔ علاوہ ازیں سیف الملوک کھوکھر نے علی گیلانی کے ہمراہ مسلم لیگ (ن)کے انتخابی دفتر کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر موجود کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔