سندھ پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے، جے یوآئی

صوبائی حکومت فوری طورپر ایکشن لیتے ہوئے عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے، حافظ احمدعلی

اتوار 21 اپریل 2024 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ احمدعلی اورجنرل سیکریٹری یوتھ ونگ صوبہ سندھ رانامحمدصابرنے اپنے مشترکہ بیان میں شہر بھر میں چوری ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ اور لاقانونیت کی دیگر واردتوں کے ایک نہ رکنے والے سلسلے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے، دن دہاڑے موبائل فونزاور گاڑیوں کی چھیناجھپٹی، مزاحمت پر قتل ، ٹارگٹ کلنگ اور لاقانونیت کی دیگر وارداتیں معمول بن گئی ہیں، صوبائی حکومت فوری طورپر ایکشن لے کر عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیاکہ سندھ پولیس کے قابل ترین اور ایماندار افسران کو ایس ایچ او تعینات کیاجائے۔ ان کا کہناتھاکہ کراچی بھر میں کھلے عام منشیات اورمضر صحت گٹکے ماوے کی فروخت ایس ایچ اوز کی ملی بھگت ہے یانااہلی ، اس کے ذمہ داروں کا تعین ہوناچاہئے، آخر کوئی تو ذمہ داری لے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے اہم کردار اداکرنے اور تمام تھانوں میں مقامی ایس ایچ اوکو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔