ة پی بی 50 قلعہ عبداللہ کے الیکشن میں بدترین دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے،عبدالرحیم زیارتوال

،ْ حلقہ کے 4 پولنگ اسٹیشنوں کے عملہ کوسامان سمیت اغواء کرلیا گیا ہے جس کا مقصد دھاندلی کرکے اپنے من پسند امیدوار کو کامیاب کرانا ہے اور اس کے علاوہ دو میل اور فی میل پولنگ پر قبضہ کیا گیا،سیکرٹری جنرل پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

اتوار 21 اپریل 2024 21:05

ض*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2024ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ کے الیکشن میں بدترین دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے حلقہ کے 4 پولنگ اسٹیشنوں کے عملہ کوسامان سمیت اغواء کرلیا گیا ہے جس کا مقصد دھاندلی کرکے اپنے من پسند امیدوار کو کامیاب کرانا ہے اور اس کے علاوہ دو میل اور فی میل پولنگ پر قبضہ کیا گیا جس کے بارے میں ہم نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر دائود شاہ کاکڑ و دیگر کے ہمراہ اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حلقہ پی بی 50 کے 4 پولنگ اسٹیشنوں 72,96,97 اور 99 کے عملے کوسامان سمیت اغواء کیا گیا تاحال ان کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں کہ انہیں کہاں لے گئے ہیں یہی خدشہ ہے کہ 5 بجے کے بعد ان کو لاکر اپنی مرضی کے فارم 45 سے 47 بناکر پیش کرنا ہے ان تمام خدشات اور تحفظات سے الیکشن کمیشن آف پاکستان، صوبائی حکومت ، چیف سیکرٹری بلوچستان کو آگاہ کیا ہے پارٹی امیدوار کی جیت سے خوفزدہ ہوکر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جوکہ نیک شگون نہیں ہم اس ملک کے باشندے ہیں بھارت، ایران یا دوسرے ملک کے نہیں ایسے تمام حربوں کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی سیاسی و جمہوری آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اور عوام کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ موبائل نیٹ ورک کی بندش کی وجہ سے رابطہ نہیں ہورہا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ہے 72 ایسے لوگوں کو پولنگ پر تعینات کیا گیا ہے جن کی ملازمت نہیں ہے اس بارے الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کو بھی مطلع کرچکے ہیں 3پولنگ اسٹیشنز کا عملہ نہیں پہنچا تھا پارٹی امیدوار کی کامیابی یقینی تھی اسے ہار میں تبدیل کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں اگر الیکشن کی بجائے سلیکشن کرنی تھی تو عوام کا اربوں روپے اور وقت کیوں ضائع کیا جارہا ہے جمہوری نظام کو ختم کرنے کے لئے حربے استعمال کرکے پاکستان کو مشکلات کے گرداب میں دھکیل رہے ہیں جس کا نقصان عوام کو ہورہا ہے ملک کا مسئلہ سیاسی استحکام ہے لیکن ملک میں آئینی، معاشی، جمہوری، اخلاقی بحران پیدا کئے گئے ہیں عدلیہ اور اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے فرائض کی بجاآوری کو بروئے کار لاتے ہوئے نا انصافیوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور تمام ادارے اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

مقابلہ صرف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے امیدوار میروائس خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء انجینئر زمرک خان اچکزئی کے درمیان ہے پاکستان تحریک انصاف نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے جمعیت علماء اسلام نے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے دونوں صورتوں میں جیت میروائس خان کی ہے لیکن ان کی جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کیلئے دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیاہے جس کو ہم ناکام بنائیں گے۔