چند دن میں عوام کو ریلیف،ریلیف اور صرف ریلیف دیا،مریم نواز

اتوار 21 اپریل 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ چند دن میں پنجاب کے عوام کو ریلیف،ریلیف اور صرف ریلیف دیا۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کا مزدور،کسان،محنت کش،طلبہ اور خواتین میری ترجیحات میں سرِفہرست ہیں۔رمضان نگہبان پیکیج،20 ہزار بائیکس،سستا آٹا اور سستی روٹی ہماری چند دنوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 130 ارب کا کسان پیکیج نوازشریف کے زراعت دوست ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے میں اور میری ٹیم ہمہ وقت کوشاں ہیں۔جلد پنجاب میں لیپ ٹاپ،آئی پیڈ سکیم بھی متعارف کروانے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا مشن آپکے اور میرے قائد میاں نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے۔میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) عوامی مسائل کے حل کے لیے پوری ایمانداری سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کا ووٹر باہر نکلاجو کہ خوش آئند بات ہے اور مسلم لیگ(ن) کے تمام امیدوار وں پر اظہار اعتماد کیا۔