پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا، ووٹر ٹرن آئوٹ ان کیلئے بہت بڑا پیغام ہے، راناثناء اللہ

اگر پی ٹی آئی کو اتنا ہی اعتراض تھا تو الیکشن کا بائیکاٹ کردیتی، پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں نمونے بھیجے ہیں، سسٹم اور ملک کی بہتری بیٹھ کر بات کرنے میں ہے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو

اتوار 21 اپریل 2024 21:45

پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا، ووٹر ٹرن آئوٹ ان کیلئے بہت بڑا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا اور ووٹر ٹرن آئوٹ ان کیلئے بہت بڑا پیغام ہے، اگر پی ٹی آئی کو اتنا ہی اعتراض تھا تو الیکشن کا بائیکاٹ کردیتی، پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں نمونے بھیجے ہیں، 2018ء میں ہمارے ساتھ نا انصافی ہوئی، اس وقت بھی کہا کہ آئیں بیٹھیں بات کریں کیوں کہ سسٹم اور ملک کی بہتری بیٹھ کر بات کرنے میں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن نتائج سے مطمئن ہیں، ہمیشہ الیکشن نتائج کو تسلیم کیا ہے، الیکشن نتائج پر اختلاف ہمیشہ سسٹم کے اندر رہ کر کیا ہے، بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سسٹم کو بلڈوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ووٹر ٹرن آئوٹ پی ٹی آئی کیلئے بہت بڑا پیغام ہے، پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا، ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آئوٹ کم ہوتا ہے، پارٹی کا ووٹر سپورٹر نکلتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں نمونے بھیجے ہیں، علی محمد خان سے اپیل ہے سسٹم کو باہر سے بلڈوز کرنے کے بجائے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں، آپ ماضی میں بھی ہمارے ساتھ نہیں بیٹھے، ہم آج بھی کہتے ہیں آئیں بیٹھیں، فارم 45 اور فارم 47 کا فرق دوسرے روز کا معاملہ ہے، فارم 45 ہر پولنگ اسٹیشن سے جاری ہورہا ہے، اگر پی ٹی آئی کو اتنا ہی اعتراض تھا تو الیکشن کا بائیکاٹ کردیتی، اگر سسٹم میں کوئی خرابی ہے تو آئیں بیٹھیں تو بات کریں۔

انہوں نے مزید کہ 2018ء میں ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی، اس وقت بھی کہا کہ آئیں بیٹھیں بات کریں، ن لیگ نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے کام کیا ہے، سسٹم اور ملک کی بہتری بیٹھ کر بات کرنے میں ہے، جب بیٹھ کر بات چیت اورمذاکرات کیے جاتے ہیں ناممکن معاملات بھی حل ہوجاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام ہے، وہ اس وقت ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے جب ہم مشکل میں تھے، ان کے ساتھ بیٹھ کربات کریں گے، ان کی بات سمجھنے کی کوشش کریں گے، ہمیں کسی کو 10بار بھی منانا پڑا تو جائیں گے۔