ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی برطرفی کیخلاف ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے

وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، اسٹیبلشمنٹ، بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹریز کو نوٹس جاری ، سماعت 30 اپریل تک ملتوی

پیر 22 اپریل 2024 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری سمیت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے سیکرٹریز کو نوٹس جاری کر دیئے۔ پیر کو جسٹس بابر ستار نے ڈی جی پاکستان سپورٹس کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

شعیب کھوسو کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی سپورٹس نوٹس کو غیر قانونی احکامات نہ ماننے کی پاداش میں عہدے سے ہٹایا گیا، ایسے عہدے سے ہٹایا جائیگا تو کوئی بھی آزادانہ کام نہیں کریگا۔ شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری آئی پی سی کے غیر قانونی احکامات کیخلاف ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کیا، ہائی کورٹ میں معاملہ لیجانے پر سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نالاں تھے۔

(جاری ہے)

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کا طریقہ کار کیا ہی جس پر وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ آرڈیننس 1962میں تعیناتی کا طریقہ کار واضح ہے، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کی منظوری وزیراعظم دیتے ہیں۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 30اپریل تک ملتوی کر دی