کراچی میں سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،مراد علی شاہ

پہلے بھی امن بحال کیا اور اب بھی اس کی بحالی کرکے دکھائیں گے، اجلاس میں سٹریٹ کرائم کے خلاف دو طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، چوری کا سامان جس بازار میں فروخت ہوتا ہے وہاں کارروائی ہوگی،اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 اپریل 2024 16:04

کراچی میں سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،مراد علی شاہ
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل2024 ء) وزیراعلیٰ سندھ مرا د علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پہلے بھی امن بحال کیا اور اب بھی اس کی بحالی کرکے دکھائیں گے،کچے کے علاقے میں ڈاکوﺅں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اس میں ہمیں کامیابی ملی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کا 30 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن، ضیاءالحسن لنجار، میئرکراچی، کورپس کمانڈر کراچی، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرزسندھ، آئی جی سندھ اور کمشنرکراچی سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کا 15-2014 میں قیام عمل میںآیا تھا اور سندھ حکومت نے سیکیورٹی پر باہمی مشاورت سے فیصلے کئے۔

(جاری ہے)

حکومت دہشت گردی کا خاتمہ، امن و امان کی بحالی اور ڈرگ مافیا کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس کیلئے بہت سارے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائم کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں جب کہ اجلاس میں سٹریٹ کرائم کے خلاف دو طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت چوری کا سامان جس بازار میں فروخت ہوتا ہے وہاں بھی کارروائی ہوگی۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اسٹریٹ کرمنلزکے مکمل ڈیٹا پرپولیس کی سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ باقاعدہ کام کریں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائم کو ختم کرنے کیلئے سخت کارروائی کریں۔ شہر قائد کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں اور پولیس نے سٹریٹ کرائم میں ملوث کئی ڈکیتوں کو گرفتار بھی کیا ہے کراچی میں امن وامان ہر صورت قائم کیا جائیگا اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔

سندھ میں امن و امان کا قیام پہلی ترجیح ہے ۔ہر حکومت کا اولین فرض یہی ہے۔حکومت اپنے لوگوں کیلئے امن قائم کرے۔کراچی میں سٹریٹ کرائم ہے لیکن پولیس کام کر رہی ہے اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔کراچی کی پولیس اچھی فورس ہے امید ہے وہ جلد ہی سٹریٹ کرائم سمیت دیگر وارداتوں پر قابو پا لے گی۔کچے کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز دونوں لگے ہیں۔ ڈکیتوں کے کئی اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے ۔ہم جلد حالات پر قابو پالیں گے۔