امریکی کونسل جنرل کراچی کا مہران یونیورسٹی جامشورو میں پانی کے تحقیقی مرکز کا دورہ

پیر 22 اپریل 2024 18:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) امریکی کونسل جنرل کراچی کونرڈ ٹربل نے مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں قائم پانی کے اعلیٰ تحقیقی مرکز کا دورہ۔ اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سندھ میں پانی کے حوالہ سے مسائل انتہائی غور طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اور امریکی عوام پاکستانی طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی تربیت کے لئے امریکی جامعات کی سکالرشپس فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ مہران کے واٹر سینٹر کو دیکھ کر بیحد خوشی ہوئی ہے، ادارے میں تحقیق و تدریس کا بہترین کام ہو رہا ہے۔ کونسل جنرل نے کہا کہ جامعہ مہران کے واٹر سینٹر میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کو امریکی جامعات میں تبادلے کے تعلیمی نظام کے تحت مواقع مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر شیخ الجامعہ جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ امریکا کے تعاون سے پانی کا اعلیٰ تحقیقی مرکز 2014 میں قائم ہوا۔

جس کو دس برس مکمل ہو چکے ہیں، ان دس سالوں کو بہترین تحقیق و تدریس کا عشرہ کہا جا سکتا ہے۔ اس موقعہ پر واٹر سینٹر جامعہ مہران کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران انصاری نے بتایا کے امریکا کے پراجیکٹ کے تحت جامعہ مہران کے 169 طلبہ و اساتذہ امریکی جامعات میں پڑھنے کے لئے جا چکے ہیں، اس طرح کا تبادلہ کا پراجیکٹ 2019 میں پورا ہو چکا ہے جو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر کامران انصاری نے بتایا کہ واٹر سینٹر سندھ و بلوچستان کےزرعی محکموں کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ تقریب میں جامعہ مہران کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، مختلف فئکلٹیز کے ڈینز ڈاکٹر رضوان میمن، ڈاکٹر آفتاب احمد میمن، ڈاکٹر عبدالستار لاڑک اور ڈاکٹر خانجی ہریجن سمیت دیگر اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔