رینجرز نے کراچی میں قیام امن کے لیئے ٹھوس اور مضبوط کردار ادا کیا، جمیل ضیا

پیر 22 اپریل 2024 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون حاجی جمیل ضیا نے ضلع تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے پاس رینجرز ٹرک حادثے میں اہلکاروں کی شہادت پر اپنے گہر ے دکھ اور افسوس کاا ظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دعا ہے کہ اللہ پاک شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرے اور لواحقین کوصبر جمیل دے، رینجرز ہماری بہادر فورس ہے جس کی تاریخ اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت اور دلیری کے کارناموں سے بھری پڑی ہے، سرحدوں کی نگہبانی ایک مقدس فریضہ ہے جس کی ادائیگی میں رینجرز کے جوانوں کا جوش و ولولہ قابل دید و لائق تحسین ہے، ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ دعا ہے کہ حادثے میںزخمی ہونیوالے اہلکاروںکو رب کریم جلدصحتیا ب کرے ، رینجرز نے کراچی میں قیام امن کے لیئے ٹھوس کردار ادا کیا اور سندھ پولیس کی بھرپور مدد کی اور جان ہتھیلی پر رکھ کر شہر میں امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کیا رینجرز نے شہر بھر میں بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن لیا جس کے مثبت نتائج مرتب ہوئے اور کراچی میں قیام امن میںمدد ملی، شہر کو دوربارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لیئے امن وامان پہلی شرط ہے جس کے لیئے ہماری سیکورٹی فورسزبھرپور اقدامات کررہی ہیں،سندھ حکومت اور ادارے کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیئے پرعزم ہیں اور دہشتگردوں کے خاتمے کے لیئے مسلسل آپریشن اور اقدامات کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لیئے ہمیں اپنے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا ہماری افواج اور تمام سیکورٹی ادارے ملک وقوم کی حفاظت کے لیئے ہیں اور نہایت ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کو ادا کررہے ہیں دہشتگردی کسی ایک شہر یا ضلع کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اس کے لیئے پوری قوم کو اپنے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ متحد ہوئے بغیر مسائل سے نجات ممکن نہیں۔