ہمارے دو معطل ارکان کو بحال کیا جائے، عمر ایوب خان

پیر 22 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہمارے دو معطل ارکان کو بحال کیا جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دو ارکا ن کو معطل کیا گیا ، امید ہے کہ آپ اپنے فیصلے پر نظرثانی فرمائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اس ایوان کے تین ارکان کا استحقاق مجروح ہوا ہے، اس ایوان کے ر کن خرم منج کو پولیس نے گرفتار کیا اور رات 2 بجے انہیں رہا کیا گیا، ضمنی الیکشن کے موقع پر پنجاب پولیس نے ہمارا راستہ روکا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر کسی بھی امیدوار کو ریٹرننگ افسر کے پاس پولیس نے جانے نہیں دیا اس سے ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں،انتخابی قوانین اور آئین کا تحفظ ہونا چاہئے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ تحریک استحقاق جمع کرا دیں اس کا چیمبر میں جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔