Live Updates

پنجاب پولیس کے ایک دن میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر 236 چھاپے

منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 83 ایف آئی آرز درج، 86 ملزمان گرفتار

پیر 22 اپریل 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈرگ فری پنجاب کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے اسی سلسلے میں جاری کاروائیوں میں پنجاب پولیس نے ایک ہی دن میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر 236 چھاپے مارے گئے اور منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 83 ایف آئی آرز درج کرتے ہوئے 86 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 56 کلوگرام چرس ،01 کلو ہیروئن، 840 گرام آئس اور 828 لٹرزشراب بر آمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات کے ملزمان کے اڈوں پر 16487 چھاپے گئے ، منشیات فروشوں کے خلاف 7842 مقدمات درج کرتے ہوئے 8322 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 5330 کلو گرام چرس، 97 کلو ہیروئن، 216 کلو افیون، 27 کلو آئس، 105048 لٹر شراب بر آمد کی گئی ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ آئس شیشہ اور دیگر ماڈرن نشہ آور ڈرگز کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف ترجیحی کاروائیاں کی جائیںبالخصوص تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات