آئی جی اسلام آباد کا تمام افسروں کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 7دن کا الٹی میٹم

ہر افسر باوردی فیلڈ میں نظر آنا چاہئے، ایف سکس خدمت مرکز 24گھنٹے عوامی خدمت کیلئے کھلا رہے گا،سید علی ناصر رضوی

پیر 22 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 7 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود ترجیح ہوگی۔

علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی شادیوں میں پولیس افسران شرکت کریں گے، شہدا کے بچوں کے سکولوں میں پیرنٹس ٹیچر میٹنگ میں اسلام آباد پولیس کا نمائندہ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم، سکالر شپس دی جائیں گی، فورس کی تنخواہوں میں اضافہ میری ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 7 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ہر افسر باوردی فیلڈ میں نظر آنا چاہئے، ایف سکس خدمت مرکز 24 گھنٹے عوامی خدمت کیلئے کھلا رہے گا۔

(جاری ہے)

سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ کرپشن، قبضہ مافیا، عوام کے ساتھ بدتمیزی پر زیرو ٹالرنس ہوگی، سی ٹی ڈی کو پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی، بیرون ملک تربیت حاصل کرنے والے افسران کو پولیس کالج میں تعینات کیا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بیرون ملک فرار اشتہاریوں کو واپس لایا جائے گا، ضلع بھر میں 25سے 45سال عمر کے آفیسرز نائٹ پٹرولنگ آفیسرز تعینات کئے جائیں گے۔