محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات

سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، سمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ ، پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر گفتگو

پیر 22 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، سمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ ، پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، پاکستانی قوم ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے، دونوں رہنمائوں کا دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ایرانی وزیر داخلہ کی اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات سے مل کر زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ایران کے دورے کی دعوت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ کیا۔

دونوں اطراف کا قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔دونوں ممالک نے بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی نقصان کا باعث ہے،سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر مینجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گی۔

ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہیاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیر داخلہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شکریہ ادا کیا۔