ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 22 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ان کا تعلق پاکستان پولیس سروس کے 36ویں کامن سے ہے۔محمد فیصل کامران کا شمار انتہائی پروفیشنل، تجربہ کار اور کرائم فائیٹر افسران میں ہوتا ہے۔وہ لاہور تعیناتی سے قبل ڈی پی او سرگودھا کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

محمد فیصل کامران اس سے پہلے ڈی پی او سیالکوٹ، ڈی پی او بہاولپورسمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران نے دفتری عملہ سے با ضابطہ ملاقات کی اور انہیں اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔محمد فیصل کامران نے کہا کہ پولیسنگ کا محور عوام کی خدمت ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی پالیسیوں کو آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق عملی جامہ پہنایاجائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ سزا،جزا اور خوداحتسابی کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔محمد فیصل کامران نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد ہو گا۔