سعودی عرب میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کا امکان

سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے نجران، جازان، عسیر، الباحہ، تبوک، مکہ اور مدینہ ریجن کے کئی علاقوں میں آئندہ جمعرات سے بارش کا امکان ظاہر کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 23 اپریل 2024 00:10

سعودی عرب میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کا امکان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2024ء) سعودی عرب میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے کئی علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے مملکت کے مختلف علاقوں میں آئندہ جمعرات سے بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات سے شروع ہونے والے بارشوں کے سلسلے سے مملکت کے کئی ریجنز متاثر ہوں گے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے نجران، جازان، عسیر، الباحہ، تبوک، مکہ اور مدینہ ریجن کے کئی علاقوں میں آئندہ جمعرات سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جبکہ بارش کا سلسلہ حائل، قصیم، الجوف،حدود الشمالی اور ریاض ریجن کے کچھ علاقوں تک بھی پھیلنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ پیشن گوئی پہلے ہی کی جا چکی تھی کہ مملکت کے کئی علاقوں میں اپریل کے ماہ کے آخر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ خلیج ریجن ان دنوں غیر معمولی بارشوں کی زد میں رہا ہے۔ حال ہی میں عمان اور متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشیں ہوئیں جس سے بارشوں کا دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ خاص کر متحدہ عرب امارات میں موسلادھار و طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے باعث بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ان ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات میں غیر معمولی حالات پیدا ہوئے،  شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔

طوفانی اور ریکارڈ توڑ بارشوں کے بعد ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ہوئے، پبلک ٹرانسپورٹ سروس بند ہوئی، جبکہ شاہراہیں بھی ٹریفک کیلئے بند ہو گئیں۔ تاہم طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد ایک دن کے ہی اندر دبئی سمیت تمام بارش سے متاثرہ علاقوں کی شاہراہیں مکمل طور پر کلیئر قرار دے دی گئیں، ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا، ماس ٹرانزٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ سروسز بھی بحال کر دی گئیں۔