سیالکوٹ،کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

منگل 23 اپریل 2024 14:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اپریل کاآخری ہفتہ تقریباً ختم ہونے کے باعث لہسن کی فصل پوری طرح پک کرتیار اور پودے کے پتے خشک و بھورے رنگ کے ہو چکے ہیں اور فصل برداشت کیلئے تیار ہو چکی ہے لہٰذا لہسن کی فصل کو آبپاشی بند کرتے ہوئے اس کی برداشت کا فوری آغاز کردیاجائے۔

(جاری ہے)

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار احتیاط کے ساتھ کھرپوں کی مدد سے زمین کو کھود کر گٹھلیاں نکال لیں اور انہیں خشک کرنے کیلئے کسی سایہ دار جگہ پر پھیلا دیا جائے۔ لہسن کی گٹھلیوں کو کم سے کم تین سے چار روز کیلئے خشک کیاجائے اور جب اوپر سے چھلکے آسانی کے ساتھ اترنا شروع ہو جائیں تو گٹھلیوں کو پتوں سمیت باندھ کرخشک اور ہوادار جگہ پر سٹور کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر نمی کی حالت میں لہسن کو سٹور کیاجائیگا تو اس کے گلنے سڑنے اور خراب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصا ن کاسامناکرناپڑسکتاہے۔