ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خصوصی ایپ بنانے پرغور

وزیربلدیات کی زیرصدارت اجلاس سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اوردیگرافسروں کی شرکت ایپ سے سٹاف کی حاضری اور شکایات پرایکشن کی تفصیل دی جا سکے گی‘ ذیشان رفیق

جمعہ 20 ستمبر 2024 18:13

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خصوصی ایپ بنانے پرغور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘کے تحت شہریوں کے لئے آسان فیچرز کی حامل ایپ بنانے پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق نے بھی شرکت کی۔

پی آئی ٹی بی کی نمائندہ خاتون افسر نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ مجوزہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو نہ صرف صفائی کے میکانزم تک رسائی ہوگی بلکہ وہ اپنا فیڈبیک اور شکایات کا بھی اندراج کرا سکیں گے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس ایپ کے ذریعے فیلڈ سٹاف کی حاضری اور شہریوں کی شکایات پر ایکشن کی تفصیل بھی دی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

ہر سپروائزر اپنے علاقے کے عملے کا شیڈول ہفتہ وار اپ ڈیٹ کرے گا۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ صفائی کا نظام آئوٹ سورس ہونے کے بعد ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کام بڑھ جائے گا۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اب تحصیل کی سطح تک نگرانی کرنا پڑے گی۔ اجلاس میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ضلع اور اسسٹنٹ کمشنر تحصیل میں کمیٹی کا انچارج ہوگا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ کمیٹیوں میں بلدیاتی افسران، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور کنٹریکٹرز کو نمائندگی ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹرز کو آن لائن ڈیٹا تک رسائی دی جائے تاکہ وہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کر سکیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ صوبائی اور ڈویڑنل سطح پر ڈیش بورڈ پر تمام تفصیل اپ ڈیٹ ہوگی۔ اس موقع پر 'جے ایس بینک-زندگی' کے ذریعے پنجاب بھر میں جاری سروے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سروے میں گھروں، کاروباری مراکز اور فیکٹریوں کی تفصیل شامل ہوگی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سروے رپورٹ جلد مکمل کی جائے تاکہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویڑن کے تحت معیاری صفائی کا جامع اور مؤثر نظام رائج کیا جا سکے۔