وفاقی وزیرنجکاری عبدالعلیم خان کا شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز میں بہادر سپوتوں کی شہادت پر خراج عقیدت

جمعہ 20 ستمبر 2024 19:05

وفاقی وزیرنجکاری عبدالعلیم خان کا شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2024ء) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نےشمالی و جنوبی وزیرستان میں 12 خوارجی جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو داد شجاعت پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف آپریشنز میں 6 بہادر سپوتوں کی شہادت پر خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی سر کوبی کرنے والے جانبازوں کو پوری قوم دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہے، پاک فوج نے ہمیشہ مادر وطن کی حرمت و تحفظ کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم پر عزم ہے، جلد ہی ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کا عزم ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے جس کی بازگشت پوری دنیا سن رہی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کی حقیقی محافظ ہے اور وطن عزیز کو پرامن بنانے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پر تنقید کرنے والی زبانیں اپنے ملک کے خلاف ہی زہر اگل رہی ہیں جن پر قابو پانا ہو گا، ملک دشمنی پر مبنی زہر آلودہ سوچ کو بدلنا ہو گا، عوام اور پاک فوج ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہے اور ان کا ساتھ دینے کے لئے پر عزم ہے۔