ملتان میں طوفان بادوباراں ،کپاس کی فصلوں میں پانی جمع ہو گیا

منگل 23 اپریل 2024 17:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ملتان اورگردونواح میں گزشتہ روز طوفان بادوباراں سے جل تھل ایک ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزملتان میں 8.6ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی،جنوبی پنجاب میں25اپریل سے دوسرا بارشوں کا سپیل شروع ہوگا جو 29اپریل تک رہے گا۔

(جاری ہے)

طوفان بادوباراں سے کپاس کی فصلوں میں پانی جمع ہوگیا،اس حوالے سے ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہاہے کہ بارش کے بعد کپاس کے کھیتوں میں بارش کے پانی کو 24 گھنٹوں سے زیادہ دیر تک کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ اگر پانی زیادہ دیر تک کھڑا رہا تو پودے کی جڑیں سانس اور خوراک نہ لے سکیں گی، پودے مرجھانے لگیں گے اور نتیجتاً پودے مر جائیں گے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کاشتکار پانی کی نکاس میں تاخیر نہ کریں اورپانی جلد از جلد کھیت سے باہر نکالا جائے ورنہ فصل کو نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں اور بارش کے بعد کھیت وتر آنے پر گوڈی ضرور کریں۔