پاکستان سمیت دنیا بھر میں کتابوں اور کاپی رائٹس کا عالمی دن منایا گیا

منگل 23 اپریل 2024 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کتابوں اور کاپی رائٹس کا دن منایا گیا۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی اپیل پر 1995سے یہ دن ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے ،دنیا کے تقریبا 100سے زائد ممالک میں23 اپریل کو کتابوں کا عالمی دن اور حقوق ملکیت دانش کا دن منایا جاتا ہے ۔ قائد اعظم لائبریری کے لائبریرین ملک شیر افضل نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشر ے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے،پاکستان میں نہ صرف معلوماتی سیمینار منعقد کروانے کی اشد ضرورت ہے بلکہ عوام میں کتاب پڑھنے کے شعور کو بھی بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک تو شرح خواندگی کم ہے اور دوسرے کتاب کے مطالعہ کو انٹرنیٹ ،سوشل میڈیا کی وجہ سے کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود لائبریری میں کتاب پڑھنے والوں کی تعداد کم نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم لائبریری پاکستان کے دل لاہور میں واقع ہے جسے کتابوں کا وائٹ ہاوس بھی کہا جاتا ہے جو اپنے خوبصورت ماحول اور بہترین خدمات کی وجہ سے ایک منفرد مقام رکھتی ہے،اس میں کتاب دوست اتنے لوگ آتے ہیں کہ اتنی بڑی عمارت ہونے کے باوجود قارئین کو بیٹھنے کے لیے جگہ نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب کاشف منظور ایک کتاب دوست شخصیت ہیں، ان کی خصوصی کاوش سے قارئین کے لیے ان کی دلچسپی اور ضروریات کے مطابق کتب کی خریداری کا سلسلہ شروع ہے،یہی وجہ ہے کہ اگر آپ قائد اعظم لائبریری لاہور کا وزٹ کریں تو صوبہ بلوچستان،سندھ،خیبر پختونخواہ اور پورے پنجاب سے قارئین قائد اعظم لائبریری میں مطالعہ کی پیاس بجھاتے نظر آئیں گے۔

ملک شیر افضل نے کہا کہ قائداعظم لائبریری کی ایک خاصیت ہے کہ یہ ریسرچ اینڈ ریفرنس لائبریری ہونے کے ساتھ ساتھ پبلک لائبریری ہونے کا بھی درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کتاب کی صنعت کو مراعات دی جائیں اور کاغذ کو سستا،پبلشرز اور مصنف کی حوصلہ افزائی کی جائے تو کتاب سے دوستی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔\395