گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی تبدیلی کے امکانات کم ہوگئے

کامران ٹیسوری کو وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت حاصل ہے،ذرائع

منگل 23 اپریل 2024 18:54

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی تبدیلی کے امکانات کم ہوگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کی حمایت کے باعث گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی تبدیلی کے امکانات کم ہوگئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کی خواہشمند ہے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا ایک دھڑا بھی کامران ٹیسوری کو اس عہدے پر نہیں دیکھنا چاہتا۔

پی پی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کا ایک دھڑا کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تبدیلی کا حامی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ھکومت کے گورنر سے ورکنگ ریلیشن بظاہر اچھے ہیں مگر اندرون خانہ یہ آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ نہیں ہے، اسی لیے پی پی گورنر سندھ کی تبدیلی چاہتی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صرف پی پی ہی نہیں بلکہ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دھڑا بھی گورنر سندھ کے عہدے پر کامران ٹیسوری کو نہیں دیکھنا چاہتا۔

تاہم ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے امکانات انتہائی کم ہیں کیونکہ انہیں وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت حاصل ہے۔حکومتی معاہدے کے تحت گورنر سندھ کا تقرر ن لیگ کی صوابدید ہے اور کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے بارے میں اب تک اس کی جانب سے کوئی سگنل نہیں دیا گیا ہے۔