جماعت اسلامی کی جانب سے جیکب آباد میں جے آئی یوتھ کے رہنما سے ڈکیتی کی مذمت

منگل 23 اپریل 2024 19:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے جیکب آباد کے مولاداد تھانے کی حدود میں بگٹی نہر کے نزدیک ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے لاڑکانہ مریض لے جانے والے جماعت اسلامی بلوچستان یوتھ کے رہنما لیاقت علی چکھڑو سے اسلحے کے زور پر 02 لاکھ روپے نقد اور دوموبائل فون چھیننے کی واردات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی تا کشمور ڈاکو راج کے خاتمے اور امن امان کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،صوبائی مشیر بابل بھیو کے بیٹے کے پروٹوکول میں موجود ویگو گاڑی میں سے جدید اسلحے کی برآمدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کچے اور پکے کے ڈاکووں کو مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جیکب آباد وایا گڑھی خیرو لاڑکانہ روڈ بدامنی کا مرکز بن چکا جہاں پر دن دیہاڑے اسلحے کی زور پر مسافروں سے نقدی اور قیمتی سامان چھین لیا جاتا ہے لیکن رہزنوں کو لغام دینے والا کوئی نہیں۔انہوں نے ایس ایس پی جیکب آباد سے مطالبہ کیا کہ مولاداد تھانے کی حدود میں جماعت اسلامی رہنما سے ڈکیتی میں لوٹنے والا سامان واپس اور عوام کو تحفظ دینے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔