بغیر اجازت دوسری شادی پر شوہر کو سنائی گئی 3ماہ کی سزا معطل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید بادشاہ نے شوہر کی درخواست پر سماعت کی، خاتون نے خود شکایت نہیں کی تھی بلکہ بھائی کے ذریعے شکایت کی تھی، فیملی کورٹ کی سزاءشریعت کے خلاف ہے،مدعی وکیل

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 24 اپریل 2024 16:03

بغیر اجازت دوسری شادی پر شوہر کو سنائی گئی 3ماہ کی سزا معطل
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اپریل2024 ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بغیر اجازت دوسری شادی پر شوہر کو سنائی گئی 3ماہ کی سزا معطل کر دی، جج سید بادشاہ نے شوہر کی درخواست پر سماعت کی،وکیل نے کہا کہ مدعی خاتون نے خود شکایت نہیں کی تھی بلکہ بھائی کے ذریعے شکایت کی تھی،اپیل کنندہ کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھاکہ فیملی کورٹ نے تین ماہ قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ کی سزاءسنائی تھی، فیملی کورٹ کی سزاءشریعت کے خلاف ہے۔

عدالت سے اپیل پر حتمی فیصلے تک سزاءمعطل کرنے کی استدعا کی گئی جس پر سیشن جج نے سزاءمعطل کرتے ہوئے شوہر کی اپیل پر حکم امتناع جاری کردیا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ کیس کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی پر شوہر مجرم قرار پایاتھا۔ عدالت نے مجرم کو تین ماہ قید کا حکم جاری کردیاتھا۔

پشاور فیملی کورٹ کے سینئرسول جج غلام حمید کی عدالت نے 2022 سے چلنے والے مقدمے میں ملزم سجاد خان پر جرم ثابت ہونے کے بعد ہفتہ 20 اپریل کو سزا سنا ئی گئی تھی۔بغیر اجازت دوسری شادی کا مقدمہ پشاور کی فیملی کورٹ میں سناگیا تھا۔ فیملی کورٹ کے جج غلام حامد نے مجرم سجاد خان کو تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے 5 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 15 روز قید بھگتنا ہوگی۔ عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے سینٹرل جیل پشاور منتقل کردیا گیاتھا۔ بیوی نے شوہر کے خلاف 2022ءمیں کیس دائر کیا تھا جس کاگزشتہ روز فیصلہ سنایاگیاتھا۔عدالتی فیصلے کے مطابق اس مقدمے میں درخواست گزار اور ملزم کے وکلا کے دلائل سنے گئے تھے جس میں ملزم پر پولی گیمی (ایک سے زیادہ شادی) ثابت ہونے کے بعد تین ماہ قید اور پانچ ہزاد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ مقدمے کے مطابق مجرم کی جانب سے جرمانے کی عدام ادائیگی پر تین مہینوں کے بعد مزید 15 دن قید کی سزا سنائی گئی تھی۔