اے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی ،سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

بدھ 24 اپریل 2024 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں نےاے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8وکٹوں سے شکست دی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے پی کے بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سندھ کے خلاف مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔

شاہ زیب حیدر اور محمد راشد کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے کے پی کے نے سندھ کیلئے زبردست ہدف مقرر کیا۔ راشد نے 86 گیندوں پر 130اور شاہ زیب حیدر نے 74 گیندوں پر 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،ادریس سلیم نے اپنے 8 اوورز کے سپیل میں 60 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ۔جواب میں سندھ نے 402 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

بدر منیر نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے 103 گیندوں پر 241 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ان کی شاندار اننگزمیں 44 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، گل شیر نے بھی 32 گیندوں پر ناقابل شکست 38 رنز بنائے ۔ کے پی کے کی جانب سے اسرار اور عرفان ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ بدر منیر کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ایونٹ کا 10واں میچ بلوچستان اور اسلام آباد کے درمیان پشاور جم خانہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا گیا جس میں بلوچستان نے اسلام آباد کو 7وکٹوں سے ہرا دیا۔

اسلام آباد کی ٹیم 33.1 اوورز میں 317 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔کامران اختر نے سنچری سکور کی اور150 رنزبنا کر نمایاں رہے،ہارون خان نے 36 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔جواب میں بلوچستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 36.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی، نصیب اللہ اورمطیع اللہ 102 رنز بنا کرنمایاں رہے،کامران اختر اور امجد حسین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔