قومی اداروں کی نجکاری ، ملک میں جاری مہنگائی ، بیروزگاری ، بجلی و گیس کے بلز میں روز افزاں اضافہ

محنت کشوں کے مسائل ، حکومت کے ورلڈ بینک اور IMFکے کہنے پر مزدور دشمن اقدامات، آئندہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہ میں مہنگائی کی تناسب سے اضافہ ، ملک میں جاری لاقانونیت ، چوری، ڈکیتیوں اور بلوچستان میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے خلاف یکم مئی کو ملک بھر میں بطور یوم احتجاج منایا جائیگا، آل پاکستان ٹریڈز یونیز فیڈریشن

بدھ 24 اپریل 2024 22:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) قومی اداروں کی نجکاری ، ملک میں جاری مہنگائی ، بیروزگاری ، بجلی و گیس کے بلز میں روز افزاں اضافوں ، محنت کشوں کے مسائل ، حکومت کے ورلڈ بینک اور IMFکے کہنے پر مزدور دشمن اقدامات، آئندہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہ میں مہنگائی کی تناسب سے اضافہ ، ملک میں جاری لاقانونیت ، چوری، ڈکیتیوں اور بلوچستان میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے خلاف یکم مئی کو ملک بھر میں بطور یوم احتجاج منایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے یونین کے مرکزی اجلاس منعقدہ لاہور سے واپسی پر لیبر ھال حیدرآباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونین کے صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان، اعظم خان، محمد حنیف خان ، الہ دین قائمخانی ، نور احمد نظامانی، ہاشم علی ، ریجنل چیئرمین عابد علی شاہ ، نور احمد سومرو ، عبدالجبار عباسی ، زونل چیئرمین ملک روشن ، راجہ آفریدی، اکرم خان، مہر اللہ خان، ساجد اللہ راجپوت، حافظ عبدالکریم، قمر الدین شمس ، سراج بیگ، ایاز گائیچو بھی موجودتھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں لاہور میں فیڈریشن کا مرکزی اجلاس منعقد ہوا جس میں واپڈا کے علاوہ فیڈریشنز سے منسلک اداروں کے نمائندگان نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ اس اجلاس میں قومی اداروں ، پی آئی اے ، مالیاتی ادارے ، کے پی ٹی اور مفادعامہ کا قومی ادارہ محکمہ بجلی اور اسکی تقسیم کار کمپنیوں کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایما پر نجکاری اور بندر بانٹ ، ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی ، بے روزگاری بجلی ، گیس و پیٹرولیم مصنوعات اور اجناس ضروریات میں روزافزاں اضافوں ، سرکاری ، صنعتی اور ڈیلی ویجز ملازمین کے مسائل ، حکومت کی جانب سے مزدور دشمن اقدامات ، پینشن اور گریجویٹی میں کٹوتی ، آئندہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ، ملک میں جاری لاقانونیت چور چکاری ، لوٹ مار اور بلوچستان و دیگر علاقوں میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کے خلاف فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوم مئی کو ملک بھر میں فیڈریشنز کے بینر تلے جلوسوں کو بطور احتجاج منایا جائیگا اور محنت کشوں سے جاری رکھا جانیوالے عمل پرحکومت کی مذمت کی جائیگی ۔