3 قومی اور 2صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے متعلق انتخابی عزرداریوں پر فیصلہ محفوظ

خدا کا خوف کریں بھیڑ اور ریچھ کے نشانات شیر سے کیسے ملتے جلتے ہیں ،الیکشن کمیشن

بدھ 24 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 3اور صوبائی اسمبلی کے 2حلقوں سے متعلق انتخابی عزرداریوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ این اے 86سرگودھا میں (ن) لیگ کے امیدوارسید جاوید حسنین نے اپنی شکست کو شیر سے مماثلت رکھتے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کو قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق ممبر سندھ نثاردرانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ انتخابی عذرداریوں پر سماعت کی جبکہ این اے 151 ملتان کی درخواست گزار مہر بانو قریشی اور کامیاب امیدوارعلی موسی گیلانی کے وکیل پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے حلقے کے نتائج کالعدم یا ووٹ دوبارہ گتنی کرنے کی استدعا کی تو الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔این اے 86 سرگودھا میں ن لیگ کے امیدوارسید جاوید حسنین کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

وکیل (ن) لیگ امیدوار نے مو قف اپنایا کہ ریٹرننگ افسر نے جان بوجھ کر شیرکے نشان سے ملتے جلتے نشانات امیدواروں کوالاٹ کیے۔

الیکشن کمیشن کے پوچھنے پر وکیل نے بتایا کہ بھیڑ اور ریچھ کے نشانات شیر سے ملتے جلتے تھے جس سے 21ہزار ووٹ دوسرے امیدوار کو مل گئے۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ خدا کا خوف کریں بھیڑ اور ریچھ کے نشانات شیر سے کیسے ملتے جلتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔الیکشن کمیشن نے این اے 164سے ریاض پیرزادہ کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پی کے 28شانگلہ اور پی پی 33گجرات سے متعلق انتخابی عذرداری پر بھی فیصلہ محفوظ کیا گیا۔