ہمیں ملیریا کی روک تھام بارے میں آگہی اور باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم

ملیریا ہر سال10لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے ،حکومت ملیریا کی روک تھام و خاتمے کیلئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے ،شہبازشریف کاملیریا کے عالمی دن پر پیغام

جمعرات 25 اپریل 2024 17:50

ہمیں ملیریا کی روک تھام بارے میں آگہی اور باہمی تعاون سے کام کرنے کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام کیلئے بارے میں آگہی اور باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے،بھرپور سیاسی عزم ، حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کے ذریعے ہم ملیریا سے پاک دنیا کا مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔

جمعرات کوملیریا کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملیریا کا عالمی دن منانے میں پاکستان باقی دنیا کے ساتھ شامل ہے اس سال ملیریا کے عالمی دن 2024کے موضوع کے عین مطابق ملیریا کے خلاف جنگ میں تمام سٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، ڈونرز، ہیلتھ کیئر سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ ملیریا ہر سال 10لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے ،حکومت پاکستان ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کیلئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے ،ہر ایک فرد کو ملیریا کی معیاری جانچ اور علاج کی مفت سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہئے۔وزیراعظم نے کہاکہ وزارت قومی صحت نے کامن مینجمنٹ یونٹ ملیریا، قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں، صوبائی ہم منصبوں، این جی اوز اور نجی سٹیک ہولڈرز کے ذریعے ملک بھر میں ملیریا کی مفت جانچ اور علاج کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا ہے،ہم نجی شعبے اور اپنے عالمی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگہی کے فروغ کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھرپور سیاسی عزم،حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کی بدولت ہم ملیریا سے پاک دنیا کا اپنا مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔