کمشنر پشاورنے پولیو قطروں سے انکاری والدین 800 سرکاری اہلکاروں کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

جمعرات 25 اپریل 2024 18:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پولیو قطروں سے انکاری والدین 800 سرکاری اہلکاروں کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ،دیگر انکاری والدین کو پختون روایات کے تحت بذریعہ جرگہ قائل کیا جائے گا، والدین کو قائل کرنے کی ذمہ داری حلقہ پٹواریوں کو سونپ دی گئی ۔ یہ احکامات انہوں 29 اپریل سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا کہنا ہے کہ اب صحیح معنوں میں جزا اور سزا کا عمل شروع کیا جائے گا ،اچھی کارکردگی پر مراعات،ترقی اور اعزازات دئیے جاہیں گے جبکہ خراب کارکردگی پر سخت سزا دی جائے گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور،نوشہرہ،چارسدہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز،ریونیو افسران،بلدیاتی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں سابقہ پولیو مہم کے حوالے سے جبکہ 29 اپریل سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی جس کے تناظر میں پولیو کی کامیابی اور پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ۔کمشنر پشاور ڈویژن نے پولیو مہم کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مہم کی براہ راست نگرانی کا اعلان کیا اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کئے۔