سیکرٹری زراعت پنجاب سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، چاول کی برآمد کا ہدف5 ارب ڈالر کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی

جمعرات 25 اپریل 2024 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوسے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفدنے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔جس کے دوران چاول کی برآمد کا ہدف5 ارب ڈالر حاصل کرنے کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ محکمہ زراعت رائس ایکسپورٹرز کے ساتھ چاول کی برآمد میں اضافہ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دھان کی کلسٹر اور کارپوریٹ فارمنگ سے اچھے نتائج برآمد اور اعلی کوالٹی کی پیداوار سے بیرونِ ملک پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ صوبہ میں باسمتی کی کاشت میں کمی کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،دھان کی دو فصلوں کی حوصلہ شکنی کیلئے قانون سازی کیلئے مسودہ تیاری کے مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نے شعبہ تحقیق، توسیع اور پیسٹ وارننگ کو دھان کی اعلی کوالٹی کی پیداوار کیلئے اپنی سطح پر عملی کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دھان کی ہارویسٹنگ کیلئے اعلی قسم کی نئی کمبائن ہارویسٹرز درآمد کی جائیں گی،محکمہ زراعت پنجاب1000 نئی ہارویسٹنگ مشینوں کی درآمد کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ میں ہے۔

سیکرٹری زراعت نے واضح کیا کہ دھان کی باقیات پر زرعی زہروں کے اثرات والی پیسٹی سائیڈز کی فروخت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور ایسی تمام زرعی زہروں کی فروخت دھان کے مرکزی علاقوں میں بین کرنے کی سفارش کی جائے گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے دھان کی باقیات پر دیر پا زرعی زہروں کے اثرات کا جائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کی۔

کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈائریکٹرجنرلز زراعت توسیع، پیسٹ وارننگ، فیلڈ اور کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی ہوں گے جبکہ کمیٹی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندگان بھی شامل ہوں گے، کمیٹی اگلے15 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن شیر محمد شراوت اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان سے سنئیر وائس چئیرمین حسیب علی خان، علی حسام اضغرو دیگر ممبران نے شرکت کی۔