یو ای ٹی لاہور میں تیسرے نپیو وینچر مقابلہ جات کا اہتمام

جمعہ 26 اپریل 2024 15:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں تیسرے نیو وینچر مقابلہ جات 2024کا اہتمام جمعہ کو کیا گیا ۔ترجمان یونیورسٹی کے مطابق مقابلوں کا اہتمام انڈسٹریل پارٹنرشپ پروجیکٹس نے انجینئرز فار کمیونٹی ویلفیئر آف پاکستان، یو ای ٹی لاہور کے الخوارزمی انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز اور اخوت فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے کیا۔

اس کاروباری آئیڈیاز مقابلے میں گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طالب علموں کو اپنے کاروباری خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع ملا اور اپنے منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے 30 ہزار ڈالرتک کے بلا سود قرضے بھی فراہم کئے گئے۔یہ مقابلہ جات جانچ اور سکروٹنی کے تین مراحل پر مشتمل تھے۔ ابتدائی مرحلے میں، شرکا نے اپنے کاروباری تصورات کے 2 صفحات پر مشتمل مختصر خلاصے آن لائن جمع کرائے ۔

(جاری ہے)

سیمی فائنل رائونڈ میں، خواہشمند کاروباری افراد نے جامع کاروباری منصوبے، کیپ ٹیبلز، قانونی ادارہ اسٹیبلشمنٹ کی تصدیق، اور ٹیکس فارم پیش کیے۔ اسی طرح سیمی فائنلسٹ طلبانے 30 سے زائد انڈسٹری لیڈرز پر مشتمل ماہر جج صاحبان کے سامنے ویڈیو پچ پریزنٹیشنز کے ذریعے اپنی ذہانت کا مزید مظاہرہ کیا۔ ٹیلنٹ کے اس پول سے، 10 نمایاں ٹیمیں فائنلسٹ کے طور پر ابھریں اور مقابلے کے حتمی رائونڈ میں آگے بڑھیں۔

اختتامی تقریب میں اخوت فائونڈیشن کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات ،ڈائریکٹر الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس ڈاکٹروقار محمود،ڈائریکٹر لاہور سکول آف مینجمنٹ ڈاکٹر علی ساجد، سی ای او انٹر لوپ نوید فاضل اور رابعہ آغا ارمغان بھی تقریب کا حصہ تھے۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے معزز مہمانوں کے ساتھ مل کر جیتنے والوں کو ان کے مثالی خیالات اور کاروباری لگن کا اعتراف کرتے ہوئے نقد انعامات سے نوازا۔ ایوارڈز کی تقریب کا اختتام معزز مہمانوں، ججوں اور منتظمین میں شیلڈز کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔