Live Updates

ویڈیو گیمنگ سنٹر ، انٹرٹینمنٹ ایرینا، باکسنگ اور فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی

اے ڈی ایم ہولڈنگ کمپنی کا گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے اجراء کیلئے اشتراک کار میں اظہار دلچسپی،لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا بھی جائزہ

جمعہ 26 اپریل 2024 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفدنے ملاقات کی، وفد کی قیادت سینئر ایڈوائزر عمر فاروق کررہے تھے۔ اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کو سراہا۔ ملاقات میں صوبے بھرکے سکولوں میں انٹر نیٹ فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

اے ڈی ایم کے سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے سکولوں میں انٹرنیٹ فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب میں ہیلتھ، ہاؤسنگ اور دیگر سیکٹرز میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے ویڈیو گیمنگ سنٹرز کے قیام کے لئے اشتراک عمل پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفدنے لاہور میں انٹرٹینمنٹ ایرینا، باکسنگ اور فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی پیشکش کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپورٹس منسٹر کو اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ وفد سے اشراک کار کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کی پنجاب میں گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کے اجراء کے لئے اشتراک کار میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ لینڈ ریکارڈ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کو اسباق کی تیاری اور حاضری کے لئے جدید ترین کمپیوٹر ٹیب فراہم کیے جائیں گے۔

سکولوں اور تعلیم اداروں کو دور حاضرکی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لارہے ہیں۔ لاہور کے بعددیگر شہروں میں بھی بتدریج فری وائی فائی پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو آئی سی ٹی سکلز سے با اختیار بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فری لانسنگ سے نوجوان خود روزگار کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ڈیجیٹلائزیشن کا ہدف پورا کریں گے۔سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب میں عوام کے لئے قابل قدر پراجیکٹس لارہی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،سکول ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات