وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے سالانہ اجلاس میں شرکت

جمعہ 26 اپریل 2024 23:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر دفاع اور دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے دو روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کی ۔ وزارت دفاع سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے دو روزہ سالانہ اجلاس کے موقع پروزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دوست ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں بشمول متعلقہ علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، افغانستان کی صورتحال اور قومی سلامتی کی ترجیحات کا جائزہ، انتہا پسندی کے خطرات، بارڈر مینجمنٹ اور میری ٹائم سیکیورٹی پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو غزہ کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ پاکستان نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے جو کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلید کے طور پر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس پلیٹ فارم سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیر دفاع نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کروں گا کہ پاکستان کو ایس سی او کے ساتھ اپنی شراکت داری پر بہت فخر ہے اور وہ اس ایسوسی ایشن کو مزید تقویت اور وسعت دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔