پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مرض میں پہلے نمبر پر ہے، ڈاکٹرمقصوداحمد

جمعہ 26 اپریل 2024 23:08

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مرض میں پہلے نمبر پر ہے کیونکہ ملک میں اس مرض کے پھیلاؤ کی شرح 30فیصد سے زیادہ ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی تقریباً 80ملین آبادی اس مرض میں مبتلا ہے، امریکہ سے ایک ایسی مشین لائے ہیں جو صرف کیمرے کے ذریعے ذیابیطس سمیت 15قسم کے امراض کی تشخیص کرسکتی ہے،آن لا ئن کے مطا بق گزشتہ روز فیصل آباد میں پہلے Collaborative Care of Diabetes(CCD) سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔

یہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا سنٹر ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے جدید ترین کیمرے کا استعمال کر کے ذیابیطس سمیت 15 سے زائد مختلف بیماریوں کی تشخیص کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

سنٹر کا افتتاح ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر مقصود احمد نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض ملک میں تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔

لہٰذا اس مرض پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشیں انتہائی ناگزیر ہیں وگرنہ یہ مرض مریضوں کیلئے طبی، مالی اور معاشرتی پیچیدگیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بہت بڑا دھچکا لگا کر کسی بحران سے دوچار کر دے گا۔ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مرض میں پہلے نمبر پر ہے کیونکہ ملک میں اس مرض کے پھیلاؤ کی شرح 30فیصد سے زیادہ ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی تقریباً 80ملین آبادی اس مرض میں مبتلا ہے۔

اس لئے حکومت اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد سمیت تمام سٹیک ہولڈر ز کو اس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اس مرض پر قابو پانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس سلسلہ میں ملکی تاریخ کا پہلاCCD سنٹر فیصل آباد میں قائم کردیا گیا ہے جہاں ذیابیطس میں مبتلا افراد کو اس مرض سے نجات کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس مرض کی پیچیدگیوں سے بچنے کی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض جتنا پرانا ہوتا جاتا ہے یہ اسی قدر مریض کیلئے طبی، معاشرتی اور مالی پیچیدگیاں پیدا کرتا جاتا ہے جس کے نتیجے میں صرف اکیلا مریض ہی نہیں بلکہ اس سے وابستہ کئی خاندان اس مرض سے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ذیابیطس کا مرض اس قدر تیزی سے پھیل رہا ہے کہ حکومت کی طرف سے صحت کے حوالے سے مختص کردہ بجٹ اس کے کنٹرول کیلئے ناکافی ہے۔

اس لئے ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن نے ذیابیطس کے مریضوں کی ہیلتھ کیئر کیلئے ایک ایسا preventive نظام متعارف کروایا ہے جس طرح کا نظام یورپی ممالک میں استعمال ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض ملک میں بہت زیادہ پھیل چکا ہے اور اس کا علاج بہت مہنگا ہے۔ اس لئے ہمارے پاس اس مرض کے علاج کی آپشن موجود نہیں ہے۔ اسی وجہ سے ہم نے اس مرض پر قابو پانے کیلئے Preventive Healthcare Systemمتعارف کرانے پر زور دیا ہے اور اس مقصد میں کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ہم نے فیصل آباد میں پہلا CCDسنٹر قائم کیا ہے اور کامیابی کے بعد اس سہولت کو ملک کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم مرض کی تشخیص کیلئے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔ وہ امریکہ سے ایک ایسی مشین لائے ہیں جو صرف کیمرے کے ذریعے ذیابیطس سمیت 15قسم کے امراض کی تشخیص کرسکتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ دماغی و نفسیاتی امراض کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر امتیازاحمد ڈوگر کے کہا کہ ذیابیطس کے مرض کا نفسیات کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان مریضوں کو نفسیاتی سپورٹ دے کر ذیابیطس کے مرض پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نفسیاتی سپورٹ نہ صرف مریض کے رویے کو بہتر بناتی ہے بلکہ اس کے اندر قوت ارادی کو مضبوط بنانے میں میں اہم کرداربھی ادا کرتی ہے جس کے سبب مریض کے اندر بیماری کا علاج کروانے اور اس کے چھٹکارا پانے کا حوصلہ پیداہوجاتا ہے اور یہ بات بڑی حد تک مرض کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر سعید جان، ڈاکٹر عبدالستار قریشی، ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر محمد سلیم بلندیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر CCDپروگرام محمد اطہر، پنجاب ہوم ٹاؤن کیمونٹی فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹرراؤ محمد اقبال،فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر شیخ شاہد عزیز ، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج حامد محمود، اے پی پی فیصل آباد کے بیورو چیف رانا انجم رحمن، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد اقبال اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر مقصود احمد نے فیتا کاٹ کر CCD سنٹر کے افتتاح کیا جبکہ افتتاحی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔