گندھارا ہندکو اکیڈمی کی 4کتابیں ایوارڈز کے لئے نامزد ّ

پاکستان رائٹرز گلڈ خیبرپختونخوا کے تحت سالانہ ادبی ایوارڈ برائے 2022ء کے نتائج کا اعلان

جمعہ 26 اپریل 2024 23:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان رائٹرز گلڈ خیبرپختونخوا کے تحت سالانہ ادبی ایوارڈ برائے 2022ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت چھپنے والی ہندکو زبان کی چار کتابوں کو منصفین نے ایوارڈ ز کے لئے نامزد کر دیا ہے جن میں احمد ندیم اعوان کا ہندکو شعری مجموعہ ’’غزلاں نظماں تیرے نام، محمد نواز صابرؔ کی شعری کاوش ’’دُکھ چھپاواں کسراں‘‘ ، گل ارباب کی مختصر کہانیوں پر مشتمل کتاب ’’چنی نال بنی کہانڑیاں‘‘ اور نذیر بھٹی مرحوم کا ہندکو افسانوی مجموعہ ’’مٹی نال مٹی‘‘ شامل ہے ۔

یاد رہے کہ یہ سالانہ ادبی ایوارڈز ہندکو، اُردو اور پشتو زبان میں لکھی گئی کتابوں کو دیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ اِس سے قبل اباسین آرٹس کونسل پشاور کے تحت ہونے والے سالانہ ادبی ایوارڈ برائے 2022میں بھی گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت چھپنے والی چار کتابوں کو ایوارڈز کے لئے نامزد کیا جا چکا ہے جن میں فہیم صدیقی، احمد ندیم اعوان، وحیدہ ملک اور علی اویس خیالؔ کی کتابیں شامل ہیں جبکہ اِسی سال سالانہ بھیل انٹرنیشنل ادبی ایوارڈز میں بھی گندھارا ہندکو بورڈ اور اکیڈمی کے تحت چھپنے والی12کتابوں کو ایوارڈز مل چکے ہیں جن میں محمد ضیاء الدین، سکندر حیات سکندر، وسیم شاہد، رضا ہمدانی، نذیر بھٹی، احمد ندیم اعوان، فہیم صدیقی، علی اویس خیال، فصیحہ ضیاء الدین، گل ارباب اور وحیدہ ملک کی کتابیں شامل ہیں اور اِسی طرح ماضی میں بھی وقتاً فوقتاً گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت چھپنے والی درجنوں کتابوں کو پاکستان کے مختلف اداروں کی جانب سے قومی اور ادبی ایوارڈوں سے نوازا جا چکا ہے۔