ماضی میں بعض جگہوں پر ذاتی مفادات کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹسں بنیں،آئندہ کوئی انڈسٹریل اسٹیٹ زرعی زمین پر نہیں بنے گی،شافع حسین

عوام نے خدمت کا موقع دیا ، کسی صورت مایوس نہیں کرینگے‘مسلم لیگ ہائوس میں شافع حسین کی سالگرہ کی تقریب ،صوبائی وزیر نے کیک کاٹا

جمعہ 26 اپریل 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد مسلم لیگ ہائوس میں ہوا۔مسلم لیگ ہائوس پہنچنے پر چوہدری شافع حسین کا زبر دست استقبال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹااور اپنے ہاتھوں سے کارکنوں کو کیک کھلایا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ہماری پہچان ہے، اسے مضبوط کریں گے۔

پارٹی مضبوط ہو گی تو پنجاب میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔پاکستان اور پنجاب کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے، کسی صورت مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے گندم کی درآمد پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرون ممالک ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔فنی تعلیم کے اداروں کی اپ گریڈیشن اورہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

ٹیکنیکل ایجو کیشن کے اداروں میں چائنیز لینگویج کے ساتھ جرمن، عربی اور جپنیز لینگویج کے کورسز شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ماضی میں پنجاب کے کچھ علاقوں میں ذاتی مفادات کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی گئیں۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا آئندہ کوئی انڈسٹریل اسٹیٹ زرعی زمین پر نہیں بنے گی۔زرعی زمین پر ہاسنگ سو سائٹیاں بھی نہیں بننی چاہیے۔

کوشش ہے کہ اسی سال پنجاب میں سولر پینلز بنانے کا کارخانہ لگے۔بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، ان کے مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے شکر ادا کیا کہ انہیں قبضہ گروپوں اور کمیشن مافیا سے نجات ملی۔اب کرپشن مافیا کا دور گزر چکا،پنجاب کو معیاری انفراسٹکچر دیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کا طے دل سے مشکور ہوں۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ارکین اسمبلی خالد اصغر گورال، سلمی ہاشمی، تاشفین صفدر، پاکستان مسلم لیگ یو کے کے صدر رضوان ہاشمی، سینئر نائب صدر پنجاب چوہدری یاسر عرفات، صدر لاہور میاں عبدالوحید اور پارٹی عہدیداروں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔