6 رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملہ پر ازخود نوٹس کیس پر 30 اپریل کو سماعت کرے گا

جمعہ 26 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملہ پر ازخود نوٹس کیس پر 30 اپریل 2024ء کو سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بنچ جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اﷲ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

کاز لسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے دیگر 9 درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں جن میں پاکستان بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، بلوچستان ہائی کورٹس بار ایسوسی ایشن سمیت بیرسٹر اعتزاز احسن اور میاں دائود ایڈووکیٹ اور دیگر درخواستیں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کا 6 رکنی لارجر بنچ 30 اپریل 2024ء کو صبح ساڑھے 11 بجے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔