کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی

ٌسڑکوں پر گڑھے پڑنے سے ان میں گاڑیاں گرنے اور پھنسنے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا

جمعہ 26 اپریل 2024 22:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا کوئٹہ میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی سڑکوں پر بارش کا پانی بہنے سے شہریوں اور علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک جام ہونے اور مختلف گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنسنے سے لوگوں کو دشواری اٹھانا پڑی سیلابی ریلوں اور ژالہ باری سے مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک شخص سیلابی پانی میں نالے میں بہنے سے ہلاک ہوگیا۔

بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا کوئٹہ میں گزشتہ روز سے جاری ہونے والی بارش اور ژالہ کا سلسلہ جمعہ کو جاری رہا کوئٹہ کی سڑکیں ، گلی محلے اور چوراہے دریاکا منظر پیش کرتے رہے اور بجلی کی آنکھ مچھولی اور گیس کی بندش جاری رہی کوئٹہ میں سرکی روڈ، گوالمنڈی چوک، میکانکی روڈ، کواری روڈ، فقیر محمد روڈ، پرنس روڈ، جناح روڈ، دکانی بابا چوک، سریاب پل اور علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کے پانی کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے کے ساتھ ساتھ علاقہ مکینوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ امداد چوک، سریاب متصل مگسی ہائوس لنک روڈ اور کوئٹہ پیکج کے تحت بننے والے سریاب روڈپر بھی شدید موسلادھار بارش کے باعث سیلابی پانی سے چکی شاہوانی کے مقام پر گڑھا پڑ گیا جبکہ دیگر سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے ان میں گاڑیاں گرنے اور پھنسنے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

(جاری ہے)

سٹی نالے میں سیلابی پانی میں بہنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ بارشوں اور ژالہ باری کا یہ سلسلہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی جاری رہا اور محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کے زیر اثر بلوچستان کے علاقے چاغی ، ڈیرہ بگٹی، گنداخہ، جھل مگسی، نوشکی، مستونگ، قلات، خضدار بیلہ قلعہ سیف اللہ، خانوزئی، دکی ، ہرنائی، زیارت، سبی سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری سے فصلوں ، باغات اور مال موشیوں کو نقصان پہنچا جبکہ چاغی میں بارش سے کئی کچے مکانات گر گئے۔کوہلو، خاران اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔