قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کا 14 واں کانووکیشن کا انعقاد

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:14

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کا 14 واں کانووکیشن یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر یونیورسٹیز و بورڈز اور پرو چانسلر یونیورسٹی محمد علی ملکانی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب تعلیم یافتہ نوجوانوں نے تعبیر کرنا ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس نوجوان ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکال سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ اپنا مستقبل سنوارنے کے ساتھ والدین کا سہارا بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج یونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں کتنے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہے نوجوان ٹیکنالوجی کی تعلیم پر مزید توجہ دیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا سندھ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے یونیورسٹیز میں غریب طلباء کی تعلیم کے لئے سندھ حکومت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فنڈز جاری کئے جارہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں 2 مئی سے بورڈ کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے متعلقہ افسران کے تعاون سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ نقل کو روکا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور انکے والدین کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے کہا کہ 2019 میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے فارغ التحصیل 334 طلباء و طالبات کو آج پی ایچ ڈی، ماسٹر انجنئیرنگ، ماسٹر سائنس، بیچلر انجنئیرنگ اور بیچلر سائنس کی ڈگریاں دی گئی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ کانووکیشن میں ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں 9 پی ایچ ڈی، 14 ماسٹر انجنئیرنگ،6 ماسٹر سائنس، 235 بیچلر انجنئیرنگ اور 70 بیچلر سائنس شامل ہیں اس کے علاوہ مختلف شعبوں کے 7 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈل، 24 میں سلور میڈل اور 43 طلباء و طالبات میں میرٹ سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ہیں اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کو یونیورسٹی کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔

کانووکیشن میں رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو، وائیس چانسلر وٹنری یونیورسٹی ڈاکٹر محمد فاروق حسن، وائیس چانسلر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گلشن میمن، وائیس چانسلر بینظیر بھٹو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانی،انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی سمیت یونیورسٹی کے سابق و موجودہ پروفیسرز، سیاسی و سماجی رہنماؤں، طلباء و طالبات اور انکے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔