انڈسٹری واکیڈیمیا کے درمیان روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد محمود

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیاکے درمیان روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام دسویں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پرنسپل کالج آف فارمیسی ڈاکٹر عاطف رضا، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، فیکلٹی ممبران، طلبا وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کالج آف فارمیسی کے اعلی تعلیمی معیار کے باعث دوسرے ممالک سے بھی طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج کے ڈریپ،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور مختلف صنعتوں کے ساتھ معاہدوں سے طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ڈگریاں و میڈل حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ملکی ترقی میں طلبہ کا کردار بہت اہم ہے۔ تقریب میں مجموعی طور پر 229 انڈر گریجویٹ اور27 ایم فل سکالرز کو ڈگریاں جبکہ نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ میں 6گولڈ میڈل تقسیم کئے گئے۔