کراچی میں شدید گرمی کے دوران 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھے

رات 12 بجے بھی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری سکون کی نیند کو ترس گئے ہیں،شہری

منگل 14 مئی 2024 15:08

کراچی میں شدید گرمی کے دوران 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) شدید گرمی نے شہر قائد کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی اذیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔کراچی میں کے الیکٹرک نے بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طور پر 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری شدید گرمی کی وجہ سے مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں، وہیں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

میٹرک بورڈ کے امتحانات بھی کراچی میں جاری ہیں اور کئی علاقوں میں پرچوں کے دوران لوڈشیڈنگ کی اطلاعات بھی ہیں، دریں اثنا مسلسل کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ یہاں تک کے رات 12 بجے بھی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری سکون کی نیند کو ترس گئے ہیں۔لوڈشیڈنگ سے جو علاقے زیادہ متاثر ہیں ان میں کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹائون، اورنگی ٹائون، کیماڑی، لیاری، محمود آباد، ناظم آباد سمیت دیگر بھی کئی علاقے شامل ہیں۔