جنوبی پنجاب کی عوام تک معیاری خوراک پہچانے کےلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری،متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے

اتوار 28 اپریل 2024 19:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) جنوبی پنجاب کی عوام تک معیاری خوراک پہچانے کےلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان،مظفرگڑھ اور راجن پور میں کریانہ سٹورز،ڈسٹری بیوٹرز یونٹ،ملک شاپس کی انسپکشن کی اورمعیار بہتر نہ ہونے پر بھاری جرمانے عائد کیے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں اور ڈیرہ غازی خان میں بلاک کے حسن فارمیسی کے قریب ملک شاپ کو ورکرز کے فٹنس سرٹیفیکیٹس نہ ہونے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اسی طرح سیت پور،جتوئی مظفرگڑھ میں 2 کریانہ سٹورز کو غیر معیاری مشروبات بیچنے،خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کرنے پر 24 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوٹ ادو،تلیری بائی پاس مظفرگڑھ میں 2 ملک شاپس کو پانی ملا دودھ فروخت کرنے پر 20 ہزارروپے کے جرمانے کیے گئے۔مزید شہر سلطان روڈ مظفرگڑھ میں ڈسٹری بیوٹر یونٹ کو ایکسپائرڈ کاربونیٹڈ ڈرنکس رکھنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔مزید برآں پاکستان چوک میں کریانہ سٹور کو ممنوعہ خوراک بیچنے پر 10 ہزار جبکہ ریسٹ ہاؤس جام پور راجن پور میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں ممنوعہ چائنہ سالٹ کی ملاوٹ کرنے پر 15 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔