پنجاب یونیورسٹی میں انڈرگریجوایٹ پروگراموں میں داخلوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

اتوار 28 اپریل 2024 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) پنجاب یونیورسٹی نے انڈر گریجوایٹ پروگراموں میں داخلوں کے پہلے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے امیدوارں کی انٹری ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔میڈیا کو جاری بیان میں وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے انڈرگریجوایٹ پروگراموں کے سال 2024 سیشن میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ لازمی ہے جس میں شرکت کیلئے امیدوار 17 مئی تک آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرنے کہا کہ انڈر گریجوایٹ پروگراموں میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ 9 جون کو متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے 25 فیصد نمبر تحریری داخلہ امتحان کے لئے مختص ہیں اور تمام انڈرگریجوایٹ پروگراموں کیلئے 7 مختلف انٹری ٹیسٹ لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار اہلیت کے معیار اور دیگر تفصیلات کے لئے ویب سائٹ پر رجوع کریں۔