پشاور شہر اور گردنواح میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا

اتوار 28 اپریل 2024 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پشاور اورگردنواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔پشاور شہر اور گردنواح میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پشاور ، مردان ، چارسدہ ، نوشہرہ ، صوابی،چترال ، دیر ، مالاکنڈ ، سوات ، بونیر ، شانگلہ ، بٹگرا م ، تورغر،کوہستان ، ایبٹ آباد ، ہری پور ، کوہاٹ ،بنوں ، لکی مروت ، ٹانک ، ڈی آئی خان، جوڑ ، مہمند ، خیبر ، کرم ، اورکزئی ، شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش اور چند ایک مقامات پر ڑالہ باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ چترال ، سوات ، بونیر ، دیر ، شانگلہ ، کوہستان ، تورغر ،مانسہرہ اور ابیٹ آباد میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔۔ تما م متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ گذشتہ روز سب سے زیادہ بارش کاکول میں 20 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ مالم جبہ 15 ، بالاکوٹ میں 10،سید و شریف اور تیمر گرہ میں 9 ،دیر 8 اور پشاور میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 19 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 5 اور پارا چنار میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔