شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی

اتوار 28 اپریل 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) لاہور پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ)عمران کشور،ڈی آئی جی (آپریشنز)فیصل کامران،ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عبداللہ لک اور سینئرافسران نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

تھانہ باغبانپورہ کے انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات سب انسپکٹر محمد ارشدنے فرض کی راہ میں نا معلوم موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔ سی سی پی او لاہور نے شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سب انسپکٹر محمد ارشد کی روح کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہید سب انسپکٹر محمد ارشدکا تعلق مصری شاہ سے تھا،شہید کے پسماندگان میں اہلیہ اورتین بیٹے شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید سب انسپکٹر محمد ارشدکے اہل ِخانہ سے تعزیت کی اور شہید کی فرض شناسی کو سراہا۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہید کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کی شان ہیں۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ شہید سب انسپکٹر محمد ارشدکا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل ِ راہ ہیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید کے اہل ِ خانہ کی فلاح و بہبودمحکمہ پولیس کی اہم ذمہ داری ہے، شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کے اہل خانہ کی ویلفیئر کا خاص خیال رکھا جائے گا۔