عوام کا موجودہ سیاسی نظام پر سے اعتماد ختم ہورہا،مولانا عبد الماجد

عوام جان و مال، حقوق کے عدم تحفظ کیخلاف اعلی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،صدر پاکستان امن کونسل سندھ

اتوار 28 اپریل 2024 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) صوبائی صدر پاکستان امن کونسل سندھ، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، امام و خطیب جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ سیاسی جمہوری نظام عوامی حقوق کے تحفظ میں ناکام نظر آرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام کا سیاسی جمہوری نظام پر سے اعتماد ختم ہورہا ہے اور عوام اپنی جان و مال اور حقوق کے عدم تحفظ کے خلاف ملکی اعلی عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں روٹی، روزگار، معیاری علاج معالجہ، تعلیم و تربیت تو بہت دور کی بات ہے اس تباہ صورت حال پر نوجوان نسل بھی اپنا مستقبل تاریک دیکھ کر پریشان ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک و نئی نسل اور آئندہ نسلوں کی بقا کے لیے انقلابی اقدامات کی فوری ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سب سے پہلے حکومتی اخراجات میں کمی، اقربا پروری اور سیاسی بنیادوں پر نوازنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے انہوں نے مزید کہا کہ عوام غربت، بھوک و مفلسی سے تنگ آچکی ہے اور اپنے حالات کو بدلنے کے لیے موجودہ سیاسی نظام کو مسترد کر چکی ہے جبکہ میدان میں نکلنے کے لیے متحد و منظم ہورہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب عوام اپنے اتحاد سے اپنے حالات کو بدل دیں گے۔