موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کو بیشتر چیلنجز کا سامنا، ہیلتھ ایشوز ، فوڈ سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کا نقصان سر فہرست ہے،یواین مشیرانگرمیٹ

اتوار 28 اپریل 2024 22:20

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) اقوام متحدہ کے چارٹر(پائیدار ترقی کے اہداف)ایس ڈی جی ایس کی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی انگر میٹ سٹینستھ نے وفد کے ہمراہ گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں قائم صنعتی مصنوعات پر مشتمل میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا دورہ کیااور گوجرانوالہ کی صنعتی مصنوعات کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے انگر میٹ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کو بیشتر چیلنجز کا سامنا ہے جن میں ہیلتھ ایشوز ، فوڈ سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کا نقصان سر فہرست ہے لہذاماحول دوستی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہو گا اوریہ متعدد حکمت عملیوں سے کیا جا سکتا ہے جیسے قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری، فضلہ کو کم کرنا ، توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور زیادہ پائیدار زرعی طریقوں کی طرف منتقلی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے ،موسمیاتی تبدیلی ایک پیچیدہ اور فوری حل طلب مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے ،بزنس کمیونٹی کو چاہیے کہ اپنے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کریں اور سسٹین ایبل کاروباری طریقوں کی طرف منتقلی اختیار کریں۔

اس موقع پر انہوں نے یونائٹیڈ نیشن کی مشیر برائے کلامیٹ چینج انگر میٹ سٹینسٹھ کا گوجرانوالہ بزنس سینٹر تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مل کر ساتھ چلنے کا اعادہ کیا۔ وفد میں شامل اقوام متحدہ کے مشیر اور ماہر برائے متبادل اور قابل تجدید توانائی ڈاکٹر محمد بشارت، یو این کنسلٹنٹ برائے سسٹین ایبل ٹورازم صدف خالد ،ارم فواد ، ڈائریکٹر جی بی سی عثمان نواز باجوہ ، سید واجد علی نقوی، خالد منہاس، عمر محمود، فائق کلیم، شارق کلیم، محسن چوھدری، منیب کھوکھر ، شہروز رشید ، عمران ناز و دیگر شامل تھے۔