یورپی یونین میں مزید چارجنگ اسٹیشن لگائے جائیں، کار ساز ادارے

DW ڈی ڈبلیو پیر 29 اپریل 2024 14:20

یورپی یونین میں مزید چارجنگ اسٹیشن لگائے جائیں، کار ساز ادارے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 29 اپریل 2024ء) حالیہ برسوں کے دوران دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم یورپی کار ساز اداروں نے کہا ہے کہ یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کے برخلاف ان کے لیے نئے چارجنگ اسٹیشن لگانے کی رفتار کافی سست ہے۔

یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے سی ای اے) کی طرف سے آج پیر 29 اپریل کو جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 رکنی یورپی بلاک میں 2017ء سے اب تک الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت، ایسی گاڑیوں کے لیے لگائے گئے چارجنگ پوائنٹس کی نسبت تین گنا زیادہ رہی۔

جرمنی میں الیکٹرک کاروں کی سولر پاور سے چارجنگ، نئی فنڈنگ

الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کے نئے ریکارڈ کی پیش گوئی

اے سی ای اے کے مطابق یورپی یونین کو سال 2030ء تک 88 لاکھ چارجنگ اسٹیشنز کی ضرورت ہو گی، جس کا مطلب ہے کہ ہفتہ وار 22 ہزار نئے چارجنگ پوائنٹس۔

(جاری ہے)

یعنی موجودہ رفتار سے آٹھ گُنا زیادہ۔

یورپی کمیشن کا تاہم تخمینہ ہے کہ اس بلاک کو 2030ء تک 35 لاکھ چارجنگ پوائنٹس درکار ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو الیکٹرک گاڑیں خریدنے پر مائل کرنے کے سلسلے میں ان کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ اہم ترین ہے اور یہ سب یورپی یونین کے 2050ء تک کاربن کے فضا میں صفر اخراج کے ہدف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

یورپی یونین کے ماحولیاتی اہدف اور الیکٹرک گاڑیاں

ماحولیات کے حوالے سے یورپی یونین کا قانون 2021ء میں اپنایا گیا تھا، جس کے تحت اس اتحاد کی رکن ریاستوں کو مجموعی طور پر ضرر رساں، سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں 1990ء کی سطح کے مقابلے میں 2030ء تک 55 فیصد کمی لانا ہے۔

یورپی یونین کا یہ بھی ہدف ہے کہ وہ 2050ء تک بحیثیت مجموعی فضا میں ضرر رساں گیسوں کے اخراج کی سطح صفر تک لے آئے گی۔

یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ڈائریکٹر جنرل زیگرڈ ڈے فری کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق، ''کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج پر پابندی کے پر عزم یورپی اہداف کے حصول کے لیے یورپی ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کو بہت بڑے پیمانے پر اپنائے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘

خاتون ڈائریکٹر جنرل کا اسی تناظر میں مزید کہنا ہے، ''اور ایسا اس پورے خطے میں عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر چارجنگ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے بغیر ممکن نہیں ہو گا۔‘‘

روشنی ماجمدار (ا ب ا/ ش ر)